Skip to content
Home » Blog » انٹرنیٹ ایک درسگاہ ، فکرانگیز انشے Internet, The Greatest University THOUGHT-PROVOKING INSHAY

انٹرنیٹ ایک درسگاہ ، فکرانگیز انشے Internet, The Greatest University THOUGHT-PROVOKING INSHAY

Internet and social media can be a matchless timewaster or the greatest university on earth. Choice is yours

انٹرنیٹ ایک درسگاہ ، فکرانگیز انشے ،  شارق علی
 یہ سچ ہے کہ انٹرنیٹ دنیا کی سب سے بڑی درسگاہ ہے .  بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں بہت سے بزرگوں کا خیال ہے کہ یہ نوجوانوں کے وقت کا زیاں ہے.  حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے.  یہ بات بھی غلط نہیں کہ اگر کوئی  اپنا وقت ضائع کرنے پر تُل جاے تو سوشل میڈیا پر  اس کا وافر انتظام موجود ہے . لیکن اگر آپ سنجیدہ ہیں تو یہ حصول علم کا  سب سے آسان،  سستا اور موثر ذریعہ ہے.  اردو میں ایک محاورہ ہے کم خرچ بالا نشین.  انٹرنیٹ پر حصول علم کے حوالے سے یہ بات بالکل سچ ہے.  حصول علم کے لئے انٹرنیٹ کو استعمال کرنے کے حوالے سے ہر شخص کو  بنیادی معلومات اور مہارت درکار ہوتی ہے . آج کل کے نوجوانوں کی اکثریت کھیل ہی کھیل میں پہلے ہی یہ مہارت حاصل کر چکی ہوتی ہے. کسی خاص موضوع پر اپنے مہیا وقت میں آپ مخصوص معلومات یا مہارت حاصل کرنا چاہیں تو اس کا آسان ذریعہ گوگل یا یوٹیوب ہے.  یہ بھی ممکن ہے کہ آپ باقاعدہ کوئی آن لائن کورس کرنا چاہیں . اپنے کام کی نوعیت یا اپنی دلچسپی سے جڑا ہوا کوئی کورس .  مثلا میں پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہوں لیکن میں ہارورڈ یونیورسٹی کے بنیادی فلسفے کے کورس میں دلچسپی رکھتا ہوں تو انٹرنیٹ مجھے یہ سہولت بہم پہنچا سکتا ہے.  سب سے پہلے تو مجھے رجسٹر ہونا پڑے گا اور اپنے نصاب سے آگاہی حاصل کرنا ہو گی.  وہ تمام ہدایات،  قوانین اور نظم وضبط مجھ پر لاگو ہو گا  جو اس کورس کی تکمیل کیلئے درکار ہے.   میں چاہوں تو اپنے انسٹرکٹر سے اس سلسلے میں مزید وضاحتیں اور معلومات طلب کرسکتا ہوں.  تو گویا مجھے ان کی توقعات اور اپنی ذمہ داریوں کے بارے میں مکمل آگاہی ہونی چاہیے.  پھر مجھے اپنی ذاتی مصروفیت پر نگاہ کرنی ہوگی کہ وہ کونسا وقت ہے جو میں اس کورس کے لئے نکال سکتا ہوں. وہ مکمل شیڈول  اور ساری تاریخیں جو اس کورس کے حوالے سے اہم ہیں مجھے اپنی ذاتی مصروفیت میں سے ان کی گنجائش نکالنی ہوگی. اپنا کام وقت پر جمع کرانا ہوگا اور آن لائن کورس میں شریک دوسرے ساتھیوں کے ساتھ ایک مہذب اور کارآمد تعلق برقرار رکھنا ہو گا.  بیشتر لوگوں کے لیے شاید اتنا وقت نکالنا ممکن نہ ہو تو وہ اس صورت میں یوٹیوب اور گوگل کو اپنے علم میں اضافہ کرنے کے لئے جب چاہیں استعمال کر سکتے ہیں. اگر آپ کسی آن لائن فورم پر مباحثے کے ذریعے سے علم حاصل کر رہے ہیں تو اس صورت میں بھی دوسروں کا احترام اور اختلافی نقطہ نظر کی صورت میں مہذب رویہ رکھنا بہت ضروری ہے . کہیں ایسا تو نہیں کہ آپ اپنی رائے اور نقطہ نظر کو پیش کرنے میں بہت سا ضائع کر رہے ہیں.  صرف اس وقت شرکت کیجیے جب اس کی ضرورت ہو . غیر ضروری شرکت آپ کی اہمیت کو کم کرتی ہے.  جو کچھ بھی علم اور مہارت آپ انٹرنیٹ سے حاصل کر رہے ہیں اپنی عملی زندگی میں اس کا استعمال ضرور کیجئے.  اس سے فائدہ اٹھائے.  یقین جانیے زندگی کو بہتر بنانے میں علم حاصل کرنے سے بڑھ کر کوئی اور مؤثر طریقہ موجود نہیں.  اگر آپ اپنی ضروریات سے واقف ہیں کہ کونسا مضمون اور کون سا موضوع آپ کو عملی طور پر فائدہ پہنچا سکتا ہے اور آپ میں مستقل مزاجی موجود ہے تو پھر کامیابی آپ کا مقدر ہوگی. انٹرنیٹ پر موجود گوگل اور یو ٹیوب معلومات کا خزانہ ہیں . ایک ایسی دنیا جس تک ہمارے بزرگوں کی رسائی نہیں تھی. یاد رکھیے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ سے متعلق بنیادی معلومات اور مہارت حاصل کئے بغیر ہم تعلیم یافتہ کہلوانے کے حقدار نہیں.  اب آپ سے اجازت—– ویلیوورسٹی ، شارق علی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *