Skip to content
Home » Blog » Kaizen بہتر سے بہتر ،فکر انگیز انشے Kaizen, THOUGHT-PROVOKING INSHAY

Kaizen بہتر سے بہتر ،فکر انگیز انشے Kaizen, THOUGHT-PROVOKING INSHAY

Kaizen is the Japanese term for continuous improvement in work and personal life. In this Urdu podcast, learn how it works to improve efficiency and quality

بہتر سے بہتر ،فکر انگیز انشے ، شارق علی
یہ جو زندگی میں مسلسل سیکھنے اور بہتر ہونے کا عمل ہے اس کے لیے جاپانی زبان میں ایک متبادل لفظ ہے’’کیزن‘‘۔ ۱۹۸۶ء میں مساکی ایمائی نامی جاپانی مصنف نے ایک کتاب لکھی تھی جس کا نام تھا ’’کیزن… جاپانی صنعتی ترقی کا راز‘‘۔ اس کتاب میں ایسے کامیاب ثقافتی ماحول کی نشاندہی کی گئی تھی جو کسی بھی شخص کے لیے انفرادی طور پر یا کسی گروہ اور قوم کے لیے اجتماعی طور پر بہتر سے بہتر ہونے اور کامیاب ہونے کا سبب بن سکتا ہے ۔ آئیے آج اس کتاب میں بتائے گئے چند نکات سے فائدہ حاصل کریں۔ انفرادی طور پر یا کسی گروہ یا معاشرے کے لیے بہتر سے بہتر ہونا تین مرحلوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ سب سے پہلا مرحلہ ہے منصوبہ سازی، پھر اپنے ارد گرد کے لوگوں اور ساتھیوں کو اس منصوبہ سازی میں شریک کرنا.  یعنی شیرنگ آف ویژن اور تیسرا مرحلہ ہے بہتر سے بہتر ہونے کی ثقافت تشکیل دینا۔  آئیے پہلے منصوبہ سازی کے مرحلے پرذرا غور کریں . اس کے لیے ہمیں دیانت دارانہ سوچ کی ضرورت ہوتی ہے.  یعنی خود سے اور دوسروں سے بلا جھجھک سچ بولنا.  ہم آج کس مقام پر کھڑے ہیں اور ہم مستقبل میں کہاں پہنچنا چاہتے ہیں؟  وہاں تک پہنچنے کے لیے ہمیں کن مشکلات اور کن قربانیوں سے گزرنا پڑے گا؟  کیا ہم اپنی سوچ اور اپنے رویوں میں تبدیلی لانے پر رضا مند ہیں؟ پھر ہمیں اپنے ماضی پر بھی تنقیدی نظر ڈالنا ہو گی ۔ کیا ہم نے اپنی غلطیوں سے سیکھا ہے ؟ یا ہم وہی غلطیاں بار بار دہرانے کی عادت میں تو مبتلا نہیں ؟  اس بھرپور غور و  فکر  کے بعد ہمیں اپنی منصوبہ بندی کو قلم بند کرنا پڑے گا جسے ہم ٹرو نارتھ سٹیٹمنٹ کہتے ہیں. یا سادہ الفاظ میں بیان مقصد ۔  اگلا مرحلہ ہے اپنے ساتھیوں یا  اپنے خاندان کے دوسرے افراد کو اس منصوبہ بندی میں شامل کرنا .  ایسا کرنے کے لیے ہمیں اُن سے گفتگو کرنا ہوگی۔ ہماری گفتگو سادہ اور حقیقت پسندانہ ہونی چاہیے۔ ان کے تعاون کے لئے درخواست اور ہدایات واضح اور براہ راست ہونی چاہیئں، اُن کے اُٹھائے گئے سوالات کو توجہ سے سُن کر اُنہیں ایسا جواب مہیا کیا جانا چاہیے کہ جس سے وہ مطمئن ہوسکیں۔ گفتگو اس وقت تک جاری رہنا چاہیے جب تک وہ نہ صرف مشن اسٹیٹمنٹ پر متفق ہو جایں بلکہ اس کے حصول کی  جدوجہد اور قربانی پر بھی راضی ہوں۔  منصوبہ بندی کرلینے اور ساتھیوں کے اس ویژن میں شرکت کے بعد ہم آئندہ کا سفر شروع کرتے ہیں.  انقلابی بہتری کی توقع کے بجائے چھوٹے چھوٹے بہتر اقدامات پر اپنی توجہ کو مرکوز رکھتے ہیں ۔ ہر بہتر قدم اُٹھانے پر خود اپنا  اور اپنے ساتھیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہیں۔ ان چھوٹی چھوٹی کامیابیوں کو نظر میں رکھنے سے ہمیں طویل جدوجہد کا حوصلہ ملتا ہے۔ اگر ہم بہتری کی طرف ہم وار رویہ اختیار کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو پھر ہمیں منزل تک پہنچنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔  یہ بات بہت ضروری ہے کہ اس مشن اسٹیٹمنٹ کی سمت جدوجہد میں آپ کی اپنی کوششیں دیگر ساتھیوں کو واضح طور پر نظر آئیں۔ یعنی نہ صرف آپ ہدایات دیں بلکہ اُن ہدایات پر عمل پیرا ہونے میں  سب سے آگے آگے ہوں.  آپ اپنے ارد گرد کے لوگوں کے لیے ایک دیانت دارانہ مثال بن جائیں۔  اس جدوجہد کے دوران اپنے ساتھیوں کو تجربات کرنے اور نئی سوچ اختیار کرنے کی آزادی دیجئے۔ تخلیقی سوچ کا ہونا  بہتر سے بہتر ہونے کی سب سے بنیادی شرط ہے۔ گروہ میں موجود ہر شخص کو یہ موقع دیجئے کہ وہ اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا اظہار کرسکے۔ ہم میں سے ہر شخص کسی نہ کسی پہلو سے دوسروں سے بہتر ہوتا ہے اور اس بات کا اظہار ہونے میں کوئی حرج نہیں۔ اپنے ساتھیوں کی سب کے سامنے تعریف سے کبھی گریز نہ کیجئے لیکن سرزنش کرنا اکیلے ہی میں سب سے بہتر ہے۔  انفرادی اور اجتمائی کامیابی کی نیک تمناؤں کے ساتھ اب آپ سے اجازت
ویلیوورسٹی، شارق علی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *