Skip to content
Home » Blog » پروفیشنل کی دس خوبیاں ، فکر انگیز انشے Ten habits Of Professionals, THOUGHT-PROVOKING INSHAY

پروفیشنل کی دس خوبیاں ، فکر انگیز انشے Ten habits Of Professionals, THOUGHT-PROVOKING INSHAY

Professionalism is a set of values such as competence, trustworthiness, respect, and accountability. It should not be confined to a few kinds of professions

پروفیشنل کی دس خوبیاں ، فکر انگیز انشے ، شارق علی
 ہم چاہے کوئی بھی کام کرتے ہوں اگر لوگ اس کام کے حوالے سے ہمیں با ہنر اور اہل سمجھتے ہیں ،  ہم پر بھروسہ کرتے ہیں اور ہمیں اس کام کی وجہ سے ان کا احترام حاصل ہے تو ہم پروفیشنل ہیں۔ کام کی نوعیت کیسی بھی کیوں نہ ہو، کارکن کا رویہ اُس کے کام کو پروفیشنل بناتا ہے. آئیے دس ایسی خوبیوں پر نظرڈالیں  جن کی موجودگی یا غیرموجودگی اس بات کا فیصلہ کرتی ہے کہ کوئی کارکن پروفیشنل ہے یا نہیں؟ . ۔سب سے پہلی بات تو ہے قابلیت. یعنی جو کچھ بھی ہم کر رہے ہیں ہم اُس کے بارے میں ضروری معلومات اور مہارت رکھتے ہیں یا نہیں.  اور اس بات کا اظہار ہمارے کام کے انداز سے ہوجاتا ہے ۔  قابلیت مسلسل محنت، اچھی عادات اور خلوص نیت سے حاصل ہوتی ہے . دوسری خوبی ہے اعتماد . یعنی کیا کام کے سلسلے میں دوسرے لوگ ہم پر اعتماد کر سکتے ہیں؟ کیا ہم اپنا کام وقت پر مکمل کر سکیں گے یعنی ہم کس قدر قابل بھروسہ ہیں ؟ تیسری خوبی ہے دیانت داری.  کیاہم کام کے حوالے سے سچ بات کہنے کا حوصلہ رکھتے ہیں ، حقائق کا سامنا کر سکتے ہیں اور اُس بارے میں جسے بھی اطلاع فراہم کرنا ہو جھجکتے تو نہیں؟ چوتھی خوبی ہے اخلاقی استقامت.  یعنی کیا ہم کچھ اخلاقی اصول رکھتے ہیں اور اُن کی پابندی کو اہم سمجھتے ہیں؟ یا تبدیل ہوتی ہوئی صورت حال کے ساتھ مفاد پرستانہ رویہ اختیار کر لیتے ہیں؟ تو گویا اخلاقی استحکام رکھنا پروفیشنل ہونے کے لیے بہت ضروری ہے ۔پانچویں خوبی  ہے دوسروں کا احترام کرنا.  ایک پروفیشنل ہمیشہ دوسرے لوگوں کے ساتھ بہتر سلوک کرتا ہے اور اپنے ساتھی پروفیشنل کے بارے میں کوئی منفی بات کہنے سے اجتناب کرتا ہے ۔ چھٹی خوبی ہے مسلسل سیکھنا.  آج کل ہر کام سے متعلق علم اور مہارت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے.  ایک پروفیشنل مسلسل سیکھنے اور اس پر عملدرآمد پر یقین رکھتا ہے . ساتویں خوبی ہے مثبت طرز فکر. وہ لوگ جو کسی بھی صورت حال کے روشن پہلو کو نظر میں رکھتے ہیں اور اپنے رویے اور گفتگو میں اُس کا اظہار کرتے ہیں ایک پروفیشنل کی حیثیت سے اُن کی اہمیت زیادہ ہوتی ہے . آٹھویں خوبی ہے دوسروں کی مدد . ایک پروفیشنل ہمیشہ اپنے ساتھیوں کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار رہتا ہے. وہ اپنے کام کے آغاز کے لیے وقت پر پہنچتا ہے اور اپنے حصہ کے کام کو مناسب طور پر سرانجام دینے کی مسلسل کوشش کرتا ہے.  باہمی مدد کے بغیر ظاہر ہے کہ کوئی بھی بڑا کا م ممکن نہیں۔ نویں خوبی ہے کام پر مرکوز توجہ.  ایک پروفیشنل آدمی اپنی ذاتی زندگی کو اپنے کام کی زندگی سے علیحدہ رکھنے کے قابل ہوتا ہے . یعنی اُس کی ذاتی پسند اور نا پسند اور خیالات اُس کے کام میں کسی صورت حائل نہیں ہوتے . اُس کی مکمل توجہ کام پر مرکوز رہتی ہے . ۔دسویں اور آخری خوبی ہے سننے کی صلاحیت.  وہ پوری  توجہ اور خلوص کے ساتھ دوسروں کے نکتۂ نظر کو سن سکتا ہے ، اُن کی ضروریات سے آگاہ ہوتا ہے. اُنہیں پورا موقع دیتا ہے کہ وہ اپنے نکتۂ نظر کی وضاحت کر سکیں. دوستو ان خصوصیات کو اپنایے اور اپنے عزت و وقار میں اضافہ کیجیے ۔ ا ب آپ سے اجازت ….. ویلیوورسٹی، شارق علی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *