Skip to content
Home » Blog » پرسکون نیند ، فکر انگیز انشے Sound sleep, THOUGHT-PROVOKING INSHAY

پرسکون نیند ، فکر انگیز انشے Sound sleep, THOUGHT-PROVOKING INSHAY

Sound sleep is essential for health and wellbeing. It ensures physical and mental health and quality of life

پرسکون نیند ، فکر انگیز انشے ، شارق علی
پرسکون نیند اچھی صحت کے لئے بے حد اہم ہے.  چند سادہ سے اصول اپنا کر ہم اسے حاصل کرسکتے ہیں۔ سب سے پہلی بات تو یہ کہ جاگنے اور سونے کے اوقات منظم ہونے چاہییں۔ اور کچھ رعایت کے ساتھ یہ اصول چھٹی کے دنوں پر بھی لاگو ہوتا ہے .  وجہ یہ ہے کہ ہمارا جسمانی اورذہنی نظام جس میں ہمارا سونا اور جاگنا شامل ہے ایک اندرونی گھڑی کے ماتحت ہوتا ہے۔ اگر ہمارے سونے اور جاگنے میں باقاعدگی ہو گی تو ہمارا جسم اور ذہن قدرتی طور پر ہم آہنگ رہے گا ۔ بہتر ہوگا کہ ہم سونے سے ذرا پہلے سونے کی تیاری میں کچھ وقت صرف کریں۔ جیسے دھیمی روشنی کا استعمال اور دانت صاف کرنے کے بعد کسی دلچسپ اور پرلطف کتاب کا مطالعہ۔ ایسے ٹی وی پروگرام یا فلم دیکھنے سے پرہیز کیجیے کہ جو آپ کے جذبات اور احساسات کو بھڑکا سکتی ہیں کیوں کہ اس سے  پرسکون نیند میں خلل پڑنے کا امکان ہے۔ رات میں ایک لمبی نیند لینا ان لوگوں کے لیے مشکل ہوتا ہے جو دن میں کئی بار چھوٹی چھوٹی نیند لینے کے عادی ہوں۔ دوپہر کو یا چھوٹے چھوٹے وقفوں میں سونے کی عادت سے چھٹکارا حاصل کیجیے۔ ہلکی ورزش نہ صرف صحت کے لئے اچھی عادت ہے بلکہ پرسکون نیند کے لئے بھی بہت مددگار ہوتی ہے۔ اگر لمبی نیند آپ کے لئے ایک مشکل مرحلہ ہے تو اپنے کمرے کے ماحول پر ذرا نظر کیجیے.  کہیں ایسا تو نہیں کہ آپ کا کمرہ سونے کے اوقات میں بہت گرم یا بہت ٹھنڈا ہوتا ہے؟  اس میں روشنی کا انتظام مناسب نہیں.  مثلا بہت تیز روشنی موجود ہے. یا کھڑکیاں کھلی ہونے کی وجہ سے شور بہت زیادہ ہے.  یا کسی اور کے خراٹے آپ کو جاگنے پر مجبور کرتے ہیں.  آپ ان میں سے کسی بھی مسئلے پر مناسب کارروائی کرکے پر سکون نیند کے لئے کمرے کا ماحول بہتر بناسکتے ہیں. جس بستر اور تکیے کا استعمال آپ سونے کے دوران کرتے ہیں کیا وہ جسمانی طور پر آپ کے لئے آرام دہ ہے ؟ اگر نہیں تو اس سلسلے میں مناسب تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں . اب آپ سے اجازت —- وییلوورسٹی، شارق علی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *